ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ہیری اور میگھن نے شاہی خاندان کو خیرباد کہہ دیا: شاہی محل

ہیری اور میگھن نے شاہی خاندان کو خیرباد کہہ دیا: شاہی محل

Sat, 20 Feb 2021 18:39:31  SO Admin   S.O. News Service

لندن،20فروری (آئی این ایس انڈیا)برطانوی شاہی خاندان نے اعلان کیا ہے کہ اب 36 سالہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل دوبارہ کبھی شاہی ذمہ داریاں حاصل نہیں کر پائیں گے۔

شہزادہ ہیری نے جنوری 2020 کے آغاز میں ہی شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں ملکہ برطانیہ نے ان کے فیصلے کی تائید کی تھی۔ مارچ 2020 میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل باضابطہ طور پر شاہی ذمہ داریوں سے الگ ہوکر شاہی محل سے باہر چلے گئے تھے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شاہی ذمہ داریوں سے آزاد ہونے کے بعد ابتدائی طور پر کینیڈا اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوگئے تھے اور اب وہ امریکا میں عام حیثیت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

مارچ 2020 میں جب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کی تھی، اس وقت ان کے اور ملکہ برطانیہ کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ ایک سال تک اگر جوڑا چاہے تو واپس اپنی ذمہ داریاں دوبارہ نبھا سکتا ہے۔

تاہم اب ایک سال گزرنے کے بعد شاہی محل نے تصدیق کی ہے کہ ہیری اور میگھن مارکل اب کبھی بھی شاہی ذمہ داریاں حاصل نہیں کر پائیں گے۔

برطانیہ کے لئے خدمات

بیان میں واضح کیا گیا کہ اب شہزادہ ہیری تمام فوجی اعزازی عہدے بھی چھوڑ دیں گے جب کہ وہ دیگر فلاحی اداروں کے اعزازی عہدوں کو بھی چھوڑ دیں گے، جس کے بعد ان کی جانب سے چھوڑے گئے عہدے شاہی خاندان کے دوسرے افراد کو دیے جائیں گے۔

شہزادہ ہیری رائل نیوی میں میجر جنرل کے اعزازی عہدے پر فائز تھے مگر اب وہ مذکورہ عہدہ بھی چھوڑ دیں گے۔شاہی ذمہ داریوں میں مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے اعزازی عہدے شامل ہوتے ہیں اور ایسے عہدوں کا برطانوی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا مگر شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ مکمل طور پر ہمیشہ کے لیے شاہی ذمہ داریوں سے الگ ہوگئے۔

یاد رہے کہ اگرچہ وہ شاہی ذمہ داریوں کا دوبارہ حصہ نہیں بنیں گے، تاہم اس باوجود وہ شاہی خاندان کا حصہ رہیں گے اور ہیری کو خاندان کا فرد ہونے کی وجہ سے شہزادہ ہی لکھا، بلایا اور پکارا جائے گا۔


Share: